ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خشک سالی سے نمٹنے پانچ ہزار کروڑ روپیوں کی امداد کا مطالبہ

خشک سالی سے نمٹنے پانچ ہزار کروڑ روپیوں کی امداد کا مطالبہ

Fri, 23 Dec 2016 23:29:54    S.O. News Service

بنگلورو۔23/دسمبر(ایس او نیوز) ریاست میں سنگین خشک سالی سےبدحال اضلاع میں فوری راحت کاری شروع کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے 5/ ہزار کروڑ روپیوں کی مالی امداد جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ بات آج ریاستی وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا اور وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے ایک مشترکہ اخباری کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور دیگر سے ملاقات کرکے ریاست میں خشک سالی کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرایا۔دونوں وزراء نے ریاست کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری امداد جاری کرنے کا تیقن دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی امداد کیلئے 4700کروڑ روپے اور بارش کی تباہی سے متاثرہ علاقوں کی امداد کیلئے 362کروڑ روپے جاری کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مسئلے پر کل دوبارہ مرکزی وزراء سے نمائندگی کی گئی اور کہاگیا کہ جلد از جلد امدادی رقم جاری کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ریاست سے مرکز میں نمائندگی کرنے والے وزیر کیمیا وکھاد اننت کمار سے بھی ملاقات کرکے گذارش کی گئی کہ مرکز پر دباؤ ڈالیں کہ جلد از جلد امدادی رقم جاری کی جائے۔انہوں نے کہاکہ 2/ اکتوبر کو مرکزی ٹیم نے ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور پہلے ہی وہ اپنی رپورٹ مرکز کو پیش کرچکی ہے۔ کمیٹی نے ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ 15 سے زائد اضلاع کا دورہ کیا۔رپورٹ میں بھی کرناٹک کو فوراً امداد جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے امداد جاری ہونے تک ریاستی حکومت کی طرف سے اپنے طور پر راحت کاری جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے ہی تمام سرکاری افسران کو ہدایت جاری کردی ہیں۔ پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ہر اسمبلی حلقہ کو 60 لاکھ روپے کی رقم مہیا کرائی گئی ہے۔ ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے پاس راحت کاری کا کام آگے بڑھانے کیلئے چھ تا سات کروڑ روپیوں کی رقم مہیا کرائی گئی ہے، اس رقم سے پینے کا پانی، جانوروں کیلئے چارہ وغیرہ مہیا کرانے کا کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کہیں بھی خشک سالی سے نمٹنے کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔وزیر موصوف نے کہاکہ جیسے ہی مرکزی حکومت کی طرف سے امداد ی رقم جاری ہوگی خشک سالی سے متاثر افراد کیلئے معاوضہ کی رقم تقسیم کرنا شروع کردیا جائے گا۔


Share: